کمزور اور محروم طبقات کے لیے انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح دیں: بھگونت مان
چندی گڑھ۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے ہفتہ کے روز کہا کہ قانونی برادری کو معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ کمزور اور پسے ہوئے طبقوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ یہاں بار کونسل کی آن لائن سروس سہولت کے آغاز اور نئے وکلاء کو لائسنس کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، مان نے کہا کہ وسیع تر عوامی مفاد میں، نوجوان وکلاء کو اپنی ذمہ داریاں پوری پیشہ ورانہ عزم، لگن اور دیانتداری کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور محروم طبقات کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے قانونی برادری کو معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس تقریب میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب ونود گھئی، راجیہ سبھا کے رکن راگھو چڈھا، پنجاب اور ہریانہ بار کونسل کے چیئرمین سویر سدھو اور دیگر نے شرکت کی۔