بہار میں این ڈی اے کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا تو الگ محاذ بنا کر الیکشن لڑیں گے: راج بھر
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی اتحادی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش حکومت کے پنچایتی راج کے وزیر اوم پرکاش راج بھر نے جمعہ کو کہا کہ اگر بہار میں این ڈی اے کے ساتھ ان کا اتحاد نہیں ہے تو وہ یقینی طور پر محاذ بنا کر الیکشن لڑیں گے، ان کے وزیر کے عہدے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں وزارتی عہدے کا کوئی لالچ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راج بھر نے کہا کہ ہم کہاں کہہ رہے ہیں کہ ہم بہار میں اتحاد نہیں کریں گے، ہماری پہلی کوشش ہے کہ ہم این ڈی اے اتحاد کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کا بہار میں 2025 میں اتحاد نہیں ہوتا ہے تو ہم یقینی طور پر ایک محاذ بنا کر الیکشن لڑیں گے۔ بہار میں الگ سے الیکشن لڑنے پر جب ان سے این ڈی اے کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں وزارتی عہدہ کا کوئی لالچ نہیں ہے۔

