قومی خبر

ٹرمپ کے دباؤ کے ہتھکنڈوں کے خلاف قومی مفاد میں مودی حکومت کی حمایت ضروری ہے: شرد پوار

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتے کے روز امریکی ٹیرف کا حوالہ دیتے ہوئے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے “دباؤ کی حکمت عملی” کے خلاف قومی مفاد میں مرکزی حکومت کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ اس بارے میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتے کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام رہی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بطور امریکی صدر ٹرمپ کا کام کرنے کا انداز ان کے پہلے دور میں بھی دیکھا تھا۔ میرے خیال میں ان پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے۔ جو بھی ان کے دل میں آتا ہے، وہ زور سے بولتے ہیں۔ شرد پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ہندوستان اور پڑوسی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری کے آثار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے بارے میں اپنے رویے کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔ آج پاکستان ہمارے خلاف ہے جبکہ نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ جیسے ممالک ہم سے خوش نہیں ہیں۔ این سی پی (ایس پی) کے سربراہ نے کہا، “ہمارے پڑوسی ہم سے دور ہو رہے ہیں۔ میرے خیال میں مودی صاحب کو اس پہلو کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہئے۔