قومی خبر

عدالت نے راہول کو ضمانت کے لیے حاضر ہونے کو کہا

ناسک کی ایک عدالت نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو ہدایت دی کہ وہ 2022 میں ‘بھارت جوڑو’ یاترا کے دوران ہندوتوا کے نظریہ ساز وی ڈی ساورکر کے خلاف ان کے ریمارکس پر دائر ہتک عزت کے مقدمے میں ضمانت کے لیے ذاتی طور پر حاضر ہوں۔ ناسک کے رہائشی دیویندر بھٹڈا نے ایڈوکیٹ منوج پنگلے کے ذریعے گاندھی کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 500 اور 504 کے تحت ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا، درخواست میں بھٹڈا نے دعویٰ کیا تھا کہ ساورکر کے بارے میں گاندھی کے کچھ ریمارکس نے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ سماعت کے دوران، 10ویں جوائنٹ سول جج، سینئر ڈویژن اور ناسک کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) آر سی ناراودیا نے ہفتہ کو کہا کہ گاندھی کو ضمانت کے لیے ذاتی طور پر حاضر ہونا پڑے گا۔ گاندھی کے وکیلوں جینت جیبھاوے اور آکاش چھاجڈ نے ایک درخواست دائر کی جس میں کانگریس لیڈر کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دینے اور جب بھی ضرورت پڑی ‘ویڈیو کانفرنس’ کے ذریعے حاضر ہونے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ درخواست گزار کے وکیل پنگلے نے کہا کہ گاندھی کی مستقل استثنیٰ کی درخواست پر 9 مئی کو سماعت ہوگی۔