بیجاپور انکاؤنٹر پر امت شاہ کا بیان، 31 مارچ 2026 سے پہلے نکسل ازم کو مکمل طور پر ختم کر دیں گے۔
چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نیشنل پارک علاقے کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 31 نکسلائیٹس مارے گئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران علاقے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو نکسل فری بنانے کی سمت میں چھتیس گڑھ کے بیجا پور میں سیکورٹی فورسز نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس آپریشن میں 31 نکسلی مارے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آج ہم نے انسان دشمن نکسل ازم کو ختم کرنے کی کوشش میں اپنے دو بہادر سپاہیوں کو کھو دیا ہے۔ یہ ملک ہمیشہ ان ہیروز کا مقروض رہے گا۔ میں شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہوں کہ 31 مارچ 2026 سے پہلے ہم ملک سے نکسل ازم کا مکمل خاتمہ کر دیں گے، تاکہ ملک کے کسی شہری کو اس کی وجہ سے اپنی جان نہ گنوانی پڑے۔ بستر پولیس حکام کے مطابق یہ مقابلہ اتوار کی صبح جنگلات میں ہوا۔ بستر کے آئی جی پی سندرراج نے کہا کہ بیجاپور ضلع کے نیشنل پارک علاقے میں ہوئے انکاؤنٹر میں 31 نکسلیوں کو مارا گیا۔ دو جوان، بشمول ایک ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (DRG) اور ایک اسپیشل ٹاسک فورس (STF)، انکاؤنٹر میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔