قومی خبر

راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں کانگریس کی جیت کا یقین: کھرگے

آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کو اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں جیت درج کرے گی۔ یہاں ایل بی نگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، کھرگے نے ووٹروں سے تلنگانہ میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) حکومت کو بے دخل کرنے کی بھی اپیل کی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ راجستھان میں کل ووٹنگ ہوگی۔ ہم اسے جیت رہے ہیں۔ ہم چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ میں بھی جیت رہے ہیں۔” انہوں نے الزام لگایا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ فارم ہاؤس میں بیٹھ کر حکومت چلاتے ہیں نہ کہ سکریٹریٹ یا اسمبلی سے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا، ”وہ (کے سی آر) غریب لوگوں یا منتخب ایم ایل اے سے نہیں ملتے ہیں۔ کے سی آر پر تلنگانہ کو لوٹنے کا الزام لگاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ چیف منسٹر اب آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو بھی گالی دیتے ہیں۔ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے لیڈروں کے داغدار ہونے کی بات کرتے ہیں۔ تاہم، جب ایسے بدعنوان لیڈر بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو وہ صاف ہو جاتے ہیں۔