مدھیہ پردیش

پرینکا جھوٹ بول رہی ہیں، کسانوں کو 12 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں: شیوراج سنگھ چوہان

بھوپال۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا واڈرا گاندھی کے اس دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کہ کسان روزانہ 27 روپے کمانے سے قاصر ہیں، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتہ کو کہا کہ ریاست میں کسانوں کو 12,000 روپے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، “میں کہنا چاہوں گا کہ وزیر اعظم کی طرف سے 6000 روپے اور میری طرف سے 6000 روپے براہ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کیے جا رہے ہیں۔ ایسے جھوٹ مت بولیں جو ہضم نہ ہوں۔” تاہم وزیر اعلیٰ نے یہ نہیں بتایا کہ کسانوں کے کھاتوں میں ماہانہ یا سالانہ بنیادوں پر رقم جمع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ”کانگریس کے دور حکومت میں کسانوں کو 18 فیصد (سود) پر قرض ملتا تھا۔ ہم انہیں بغیر سود کے قرض دے رہے ہیں۔‘‘ جمعہ کو گوالیار میں جن آکروش ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مرکز ملک کی دولت دو تاجروں کے حوالے کر رہا ہے، جن میں سے ایک کا دعویٰ ہے کہ وہ یومیہ 1,600 کروڑ روپے کماتا ہے، جبکہ ایک کسان 27 روپے روزانہ کمانے سے قاصر ہے۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ اگر کانگریس مدھیہ پردیش میں اقتدار میں آتی ہے تو کسانوں کے قرض معافی اسکیم کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش میں سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔