اتراکھنڈ

وزیراعلیٰ نے لوگوں کے درمیان زمین پر بیٹھ کر ان کے مسائل دریافت کئے

چیف منسٹر شری پشکر سنگھ دھامی، جو ہفتہ کو اترکاشی کے دو روزہ دورے پر پہنچے، گاؤں نیتالہ میں راتری چوپال لگا کر لوگوں کے مسائل سنے اور مسائل کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ راتری چوپال پہنچنے والے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے لوگوں کے درمیان زمین پر بیٹھے ہر فرد سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات اور انتظامیہ کے ذریعہ کئے جارہے کام کو عام لوگوں کے درمیان بیٹھ کر ہی سمجھا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ ریاستی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خواتین کو کروڑ پتی بنانے پر کام کر رہی ہے۔ ریاست کے تحت روزگار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو خود روزگار کی طرف بڑھنا چاہیے۔ اس کے لیے بھی بہت سے کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترکاشی ضلع ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے، اس پر بھی کام ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں اتراکھنڈ کی ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی پالیسیاں سماج کے آخری سرے پر کھڑے شخص کے لیے بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال چار دھام یاترا نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ اس سال بھی چار دھام یاترا میں اب تک لاکھوں عقیدت مند پہنچ چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ ریاست میں ہوم اسٹے کو فروغ دینے کے لیے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے 1064 سروس شروع کی گئی ہے، یہ حکومت کرپشن سے پاک حکومت کے عزم کو پورا کر رہی ہے۔ چیف منسٹر شری پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اگر علاقے میں کام کرنے والے مختلف ہوم اسٹے چار دھام آنے والے عقیدت مندوں کو یہاں کا مقامی کھانا کھلاتے ہیں تو اس سے ہماری مصنوعات کو ایک نئی شناخت ملے گی اور ساتھ ہی دیہی علاقوں کو بھی تقویت ملے گی۔ اس دوران بی جے پی کے ضلع صدر ستیندر سنگھ رانا، ایم ایل اے سنجے ڈوول، ایم ایل اے درگیشور لال، ایم ایل اے سریش چوہان اور دیگر پروگرام میں موجود تھے۔