مدھیہ پردیش

شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت نے خواجہ سراؤں کے حق میں لیا بڑا فیصلہ، اب نوکریوں کے لیے الگ زمرہ ہوگا

بھوپال۔ مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے لیے ایک الگ زمرہ بنانے کے بعد، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لوگ اب سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ ایک اہلکار نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ اب تک، براہ راست بھرتی کے عمل کے ذریعے سرکاری ملازمتوں کے خواہاں امیدواروں کے لیے صرف دو زمرے تھے – مرد اور خواتین۔ اہلکار نے کہا، “ریاستی حکومت نے جمعہ کو “مدھیہ پردیش ٹرانسجینڈر (حقوق کے تحفظ) رولز -2021″ کے تحت ایک حکم جاری کیا اور ملازمتوں میں براہ راست بھرتی کے لیے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے ایک الگ زمرہ بنایا۔” مرد اور خواتین کے ساتھ، سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست فارم میں ‘ٹرانس جینڈر’ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔ پچھلے سال کے شروع میں، مغربی بنگال حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لوگوں کو عام زمرے کے تحت سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کی اجازت دی جائے۔ گزشتہ سال نومبر میں، مہاراشٹرا ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل (MAT) کی ممبئی بنچ نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ خواجہ سراؤں کے لیے پولیس سب انسپکٹر (PSI) کا ایک عہدہ محفوظ رکھا جائے۔ بھارت کی پہلی ٹرانس جینڈر جج جوئیتا منڈل نے پہلے صحافیوں کو بتایا تھا کہ خواجہ سراؤں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن ضروری ہے۔ منڈل نے کہا کہ پولس فورس اور ریلوے جیسے شعبوں میں خواجہ سراؤں کا داخلہ ان کے تئیں سماج کا تاثر بدلے گا اور انہیں زندگی میں ترقی کرنے میں مدد ملے گی۔