کوآپریٹیو کی وزارت کسانوں کی مدد کے لیے بنائی گئی: امت شاہ
مرکزی وزیر تعاون امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی نریندر مودی حکومت نے کسانوں کی بڑے پیمانے پر مدد کرنے کے لیے قومی سطح پر تعاون کی وزارت تشکیل دی ہے۔ کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع کے پٹور میں ‘سنٹرل آریکنٹ اینڈ کوکو مارکیٹنگ اینڈ پروسیسنگ کوآپریٹو لمیٹڈ (کیمپکو)’ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ اس شعبے میں ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو کیمپکو کی کامیابی بہت بڑی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کیمپکو، جس کی شروعات 1973 میں تقریباً 3500 اراکین کے ساتھ ہوئی تھی، اب اس کے 1.38 لاکھ کسان اراکین ہیں اور تقریباً 3,000 کروڑ روپے کا سالانہ کاروبار ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ گزشتہ 50 سالوں میں ان کی لگن کا ثبوت ہے۔” شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ دین دیال اپادھیائے کے نظریات پر عمل کیا اور مختلف مسائل کے تئیں انسانی رویہ اپنا کر شہریوں کی ترقی اور بہبود کے لیے کام کیا۔ اس موقع پر کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی، سینئر بی جے پی لیڈر بی ایس یدیورپا، بی جے پی کرناٹک یونٹ کے صدر نلین کمار کٹیل وغیرہ موجود تھے۔