قومی خبر

گہلوت نے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

چیف منسٹر اشوک گہلوت نے راجستھان کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس کے لئے ضابطہ اخلاق لائیں ۔ انہوں نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ ہسپتال کے احاطے میں تھوکنے اور کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانے عائد کریں، مریضوں کی لمبی قطاروں کو کم کرنے کے لیے اختراعات اپنائیں اور ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ گہلوت نے کہا کہ ہسپتالوں کو صفائی اور دیکھ بھال کے معیار پر آپس میں مقابلہ کرنا چاہئے۔ گہلوت جمعرات کو ریاست میں کام کر رہے نو تعمیر شدہ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتال عوام کو لوٹ رہے ہیں یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتال کمرشل مقاصد کے ساتھ کام کرتے ہیں جبکہ انہیں انسانی نقطہ نظر سے بھی کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طبی اور صحت ریاست کے اہم ترجیحی شعبوں میں سے ایک ہے۔ گہلوت نے کہا، ”ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں سیٹوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے جو ایک طرح کا انقلاب ہے۔ مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں نے صحت کے شعبے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ کئی ہسپتالوں میں بیت الخلاء جیسی سہولیات کی ناقص دیکھ بھال کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، بیڈ شیٹس کو روزانہ تبدیل کیا جانا چاہئے اور ایسی تمام چیزوں کو سنبھالنے کے لئے نئے آپشن تلاش کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ سہولیات اور انتظام کو بہتر بنایا جا سکے اور مریضوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ امریکہ ڈاکٹروں کی وسیع تحقیق کی وجہ سے طب کے میدان میں ایک رہنما ہے اور یہاں کے ڈاکٹروں کو بھی اس کی پیروی کرنی چاہیے۔ میٹنگ میں وزیر صحت پرسادی لال، چیف سکریٹری اوشا شرما اور دیگر افسران موجود تھے۔