آندھرا پردیش میں مافیا راج ہے، جگن موہن اسے ختم کریں: انوراگ ٹھاکر
امراوتی، 22 اگست۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے اتوار کو آندھرا پردیش کی وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست مافیا کے راج میں ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے بد نظمی کو دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو لوگ ان کے خلاف کھڑے ہو سکتے ہیں۔ وجئے واڑہ میں بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ آندھرا پردیش میں شراب گھوٹالہ سامنے آیا ہے جو دہلی کے شراب گھوٹالہ سے بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال شراب گھوٹالے کے سرغنہ ہیں اور اس میں ان کے ساتھی نائب وزیر اعلی منیش سسودیا تھے۔ ٹھاکر نے کہا کہ مرکز نے آندھرا پردیش کو ہر گھر کو نل کا پانی فراہم کرنے کے لیے 4500 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی، لیکن جگن موہن کی ریاستی حکومت نے 450 کروڑ روپے بھی خرچ نہیں کیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ٹھاکر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مندروں پر حملوں کے علاوہ آندھرا پردیش میں ریاستی سرپرستی میں تبدیلی مذہب میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 216 مندروں پر حملے ہوئے لیکن ریاستی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

