قومی خبر

ادھو نے امباداس دانوے کو مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے نامزد کیا

ممبئی، 9 اگست۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پیر کو پارٹی کے قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) امباداس دانوے کو مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین کو لکھے ایک خط میں، ٹھاکرے نے کہا کہ پارٹی کے ایم ایل سی اراکین نے انہیں 9 جولائی کو ہونے والی میٹنگ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے امیدوار نامزد کرنے کا اختیار دیا ہے۔ دانوے کا تعلق اورنگ آباد ضلع سے ہے، جہاں سے شیوسینا کے چار باغی ایم ایل اے ہیں۔ گزشتہ ماہ شیوسینا ایم ایل سی منیشا کیانڈے، سچن اہیر، امباداس دانوے، ولاس پوٹنیس اور سنیل شندے کے ایک وفد نے قانون ساز کونسل کی ڈپٹی اسپیکر نیلم گورہے سے ملاقات کی تھی اور اپوزیشن لیڈر اور چیف وہپ کے عہدہ سے متعلق ایک خط پیش کیا تھا۔ 8 جولائی تک، 78 رکنی مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 24، شیوسینا کے 12 اور کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے 10 ارکان ہیں۔ لوک بھارتی، کسان اور ورکرز پارٹی آف انڈیا اور راشٹریہ سماج پکشا کا ایک ایک رکن ہے۔ چار آزاد ہیں، جب کہ قانون ساز کونسل میں 15 نشستیں خالی ہیں۔ اگر دانوے اپوزیشن لیڈر بنتے ہیں تو یہ ایک نادر مثال ہو گی کہ وزیر اعلیٰ اور لیڈر آف اپوزیشن کا تعلق ایک ہی پارٹی سے ہو لیکن قانون ساز کونسل میں مختلف دھڑوں کا ہو۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اجیت پوار ہیں۔