کیجریوال نے کروکشیتر میں کہا – ہم سیاست کرنے نہیں، کام کرنے آتے ہیں، کسانوں نے توڑا بی جے پی کا غرور
دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے آج کروکشیتر میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے دہلی میں اپنی حکومت کے کام کو لوگوں کے سامنے رکھا اور ساتھ ہی کہا کہ میں سیاست کرنے نہیں بلکہ کام کرنے آتا ہوں۔ کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی کے پاس بتانے کو کوئی کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے اٹھنے والا طوفان اب ہریانہ سے ٹکرانے والا ہے۔ اپنے خطاب میں کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بچے کمال کر رہے ہیں۔ ہم نے دہلی میں نظام تعلیم کو ٹھیک کر دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ ایک موقع دیں، ہم ہریانہ کے اسکولوں کو ٹھیک کریں گے۔ ہریانہ میں بھی تعلیمی نظام کو ٹھیک کیا جائے گا۔ کروکشیتر ریلی میں کیجریوال نے کہا کہ کسانوں نے بی جے پی کا غرور توڑ دیا ہے۔ حکومت کو کسانوں کے سامنے جھکنا پڑا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی غنڈوں کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آپ کی عام آدمی پارٹی محب وطن اور ایماندار لوگوں کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہوا میں بات نہیں کرتے۔ آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ فسادات کا ہندوستان چاہتے ہیں یا ترقی کا ہندوستان۔ ہم نے 7 سالوں میں دہلی کے 12 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دی ہیں۔ اگلے 5 سالوں میں 20 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سب سے زیادہ اچھا لگتا ہے جب لوگ مجھے ’’ہریانہ کا لال‘‘ کہتے ہیں۔ ہریانہ میری جائے پیدائش ہے۔ ایک آدمی 7 جنم تک جائے پیدائش کا قرض نہیں چکا سکتا۔

