سیاحت میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جھارکھنڈ حکومت کا اعلان
رانچی | جھارکھنڈ حکومت نے کئی مالی مراعات کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ریاست میں سیاحتی سہولیات، ہوٹلوں اور ریزورٹس، تفریحی پارکس، روپ وے اور ایڈونچر اسپورٹس کو فروغ دینا ہے۔ حال ہی میں ریاست کی سیاحتی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جس میں اس کا اعلان کیا گیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ 10 کروڑ روپے کی کم سے کم سرمایہ کاری سے ہوٹل، ریزورٹس، تفریحی پارک اور روپ وے قائم کرنے والوں کو پالیسی کے تحت مراعاتی فوائد دیے جائیں گے۔ اس سے وہ لوگ بھی مستفید ہوں گے جو کم از کم دو کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ دیگر سہولیات فراہم کرتے ہیں اور ایک کروڑ کی سرمایہ کاری سے واٹر اسپورٹس کے ادارے کھول رہے ہیں۔ وہ لوگ جو 1 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے کروز جہاز اور ہاؤس بوٹس اور 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ مہم جوئی کے کھیلوں کے مقامات کا قیام کرتے ہیں وہ بھی اس ترغیب سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

