خواتین کے خلاف تشدد بڑھ رہا ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کے روز اڈیشہ میں ایک 20 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی عصمت دری کے بعد اڈیشہ میں بی جے پی حکومت پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ ریاست میں خواتین کے خلاف تشدد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 20 سالہ خاتون کو اڈیشہ کے ایک مشہور سیاحتی مقام گوپال پور ساحل پر ایک ویران جگہ پر تقریباً 10 مردوں نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ، ایک پرائیویٹ کالج کی انڈر گریجویٹ طالبہ نے پیر کو ایف آئی آر درج کرائی، جس کے بعد گوپال پور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے X پر ہندی میں ایک پوسٹ میں کہا کہ اڈیشہ کے گوپال پور میں 10 افراد کے ذریعہ ایک طالب علم کے ساتھ بربریت کی مذمت کے لئے سخت الفاظ بھی کافی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، “اڈیشہ میں خواتین کے خلاف تشدد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ ایک ایسی ریاست میں جہاں کے وزیر اعلیٰ خود تسلیم کرتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سالوں میں تقریباً 44,000 خواتین اور بچے غائب ہو چکے ہیں، خواتین کے تحفظ کو ترجیح نہ دینا بذات خود خواتین کے خلاف ظلم ہے۔” یہ واقعہ اتوار کی رات اس وقت پیش آیا جب خاتون، جو تین دیگر خواتین کے ساتھ ایک پرائیویٹ میس میں رہتی تھی، راجہ اتسو کے موقع پر اپنے ہم جماعت بوائے فرینڈ کے ساتھ ساحل سمندر پر گئی تھی۔ اپنی شکایت میں، خاتون نے کہا کہ جب وہ ایک ویران جگہ پر بیٹھے تھے، 10 مردوں کا ایک گروپ ان کے پاس آیا، اس کے بوائے فرینڈ کو پکڑا اور باری باری اس کی عصمت دری کی۔