قومی خبر

پرسنل لاء بورڈ نے وقف بل کے حوالے سے صدر سے ملاقات کا وقت مانگا

پرسنل لاء بورڈ نے وقف بل کے حوالے سے صدر سے ملاقات کے لیے وقت مانگا آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ وقف ترمیمی بل پر اپنی تشویش ظاہر کرنے کے لیے صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کر لیا گیا ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد یہ ایکٹ بن جائے گا۔ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بورڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحیم مجددی کی جانب سے صدر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بل میں کی گئی ترامیم میں ایسی تبدیلیاں ہیں جو وقف ادارے کی انتظامیہ اور خود مختاری کو متاثر کرتی ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ سے ملاقات کا ہمارا مقصد حال ہی میں منظور شدہ وقف (ترمیمی) بل 2025 اور اس کے ملک بھر کی مسلم کمیونٹی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں اپنی گہری تشویش کا اظہار کرنا ہے۔ بورڈ نے دعویٰ کیا کہ یہ بل مکمل طور پر غیر آئینی اور ملک کے مسلمانوں پر حملہ ہے۔