وزیر اعظم مودی کی گارنٹی 24 کیرٹ سونے جیسی ہے: راجناتھ سنگھ
مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے وعدوں کو پورا کرکے لوگوں میں ساکھ حاصل کی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی 24 کیرٹ سونے کی طرح دکھائی دیتی ہے۔ یہاں پارٹی کے ‘سنکلپ پترا’ کو جاری کرنے کے موقع پر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے منشور کو عالمی سیاست میں ‘سونے کے معیار’ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ آرٹیکل 370 کی بیشتر دفعات کو ہٹانے اور رام مندر کی تعمیر کے علاوہ مرکزی حکومت کی طرف سے کئے گئے مختلف ترقیاتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت نے اپنے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔ سنگھ لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کی منشور کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو 15 لاکھ سے زائد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔