قومی خبر

افسران کو دفتر میں بیٹھنے کے بجائے گاؤں اور شہروں میں کام کرنا چاہئے: دشینت چوٹالہ

ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ نے افسران اور ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے گاؤں اور شہروں میں کام کریں۔ پیر کو گڈ گورننس ڈے کے موقع پر چوٹالہ نے کہا کہ ہر کسی کو اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنے کا عہد کرنا چاہئے تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات گروگرام میں منعقدہ ضلع سطح کے گڈ گورننس ڈے پروگرام میں کہی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’حقیقی گڈ گورننس وہ ہے جس میں محکمے نہ صرف ان لوگوں تک پہنچتے ہیں جو انتظامیہ تک نہیں پہنچ پاتے، بلکہ ان کی ضروریات کو بھی پورا کرتے ہیں اور ان کی شکایات کو دور کرتے ہیں۔‘‘ چوٹالہ نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ ہریانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں بی پی ایل (غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے افراد) کے راشن کارڈ ایسے خاندانوں کے لیے بنائے جا رہے ہیں جن کی آمدنی 1.20 لاکھ روپے کے بجائے 1.80 لاکھ روپے ہے۔