قومی خبر

عام آدمی پارٹی نے 10 سالوں میں دہلی میں وہ کر دکھایا جو 75 سالوں میں نہیں کر سکی: کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو کہا کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پوری طرح سے ایماندار پارٹی ہے، اس لیے ان کی حکومت نے 10 سال میں دہلی میں جو ترقیاتی کام کیے ہیں، دوسری پارٹیاں 75 سالوں میں نہیں کر سکیں۔ مدھیہ پردیش میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی صرف ’’لوٹ مار‘‘ میں مصروف ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 17 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ کیجریوال نے کہا، ہماری پارٹی بالکل ایماندار ہے۔ ہماری پارٹی کے ارکان کٹر محب وطن ہیں۔ دس سال پہلے ہمیں دہلی میں موقع ملا اور ہم نے وہ کر دکھایا جو ان پارٹیوں نے 75 سالوں میں نہیں کیا۔ دونوں پارٹیاں جو پہلے اقتدار میں تھیں انہوں نے صرف ملک کو لوٹا ہے۔کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے سیودھا اسمبلی سیٹ کے اندرگڑھ اور مورینا شہر میں روڈ شو میں حصہ لیا۔ کیجریوال نے کہا، دہلی میں کسانوں اور مزدوروں کے بچے انجینئر اور ڈاکٹر بن رہے ہیں۔ دہلی کے غریب لوگوں کے بچے IIT کھڑگپور میں داخلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت اسی وقت ختم ہو سکتی ہے جب بچوں کو اچھی تعلیم دی جائے۔ کیجریوال نے کہا، دہلی میں پچھلی حکومتیں کہتی تھیں کہ پیسہ نہیں ہے اور حکومت خسارے میں چل رہی ہے۔ لیکن جب سے میں وزیر اعلیٰ بنا ہوں، دہلی میں حکومت خسارے میں نہیں چل رہی ہے۔ پورے ملک میں یہ پہلی حکومت ہے جو منافع میں ہے۔ روڈ شو کے دوران مان نے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وہ ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ مان نے کہا، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مدھیہ پردیش کے لوگوں میں بھی وہی جذبہ ہے جو دہلی اور پنجاب کا ہے۔ ہمیں آزادی ہوئے 75 سال ہو گئے ہیں لیکن غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔