اتراکھنڈ

چیف منسٹر نے ریاست میں چل رہے رہائشی تعلیمی اداروں کی گہرائی سے جانچ کی ہدایات دیں۔

ہلدوانی کے گولاپر میں ایک نابینا لڑکی کے جنسی استحصال کے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ریاست میں چل رہے رہائشی تعلیمی اداروں کی گہرائی سے جانچ کی ہدایات دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سکریٹری محترمہ رادھا راتوری نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ جمعہ کو پولس نے نیشنل ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ (نیب) نوادکھیڑا، گالاپر کے جنرل سکریٹری اور ڈائریکٹر شیام دھانک کو ایک نابینا لڑکی کے جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس غیر انسانی واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے چیف منسٹر شری پشکر سنگھ دھامی نے ہدایت دی ہے کہ ریاست میں چل رہے دیگر تمام رہائشی اداروں کی فوری طور پر گہرائی سے جانچ کی جانی چاہئے، تاکہ اس طرح کے المناک اور دل دہلا دینے والے واقعہ کا اعادہ نہ ہو۔ اس معاملے میں پیر کو ایڈیشنل چیف سکریٹری محترمہ رادھا رتوری نے ضلع مجسٹریٹس کو متعلقہ محکمہ اور پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ ایک مشترکہ ٹیم بنانے اور رہائشی تعلیمی اداروں میں بیداری مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بچے کے ساتھ جنسی استحصال یا زیادتی کا کوئی معاملہ سامنے آتا ہے تو فوری طور پر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ نیز آگاہی مہم کے تحت اداروں میں گہرائی سے معائنہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ رپورٹس ایک ماہ کے اندر حکومت کو فراہم کی جائیں۔