قومی خبر

تلنگانہ میں انتخابی مہم شروع کریں گے: امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے منگل کو عادل آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور حیدرآباد میں دانشوروں کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ذرائع نے بتایا کہ شاہ سہ پہر 3 بجے ریلی سے خطاب کریں گے اور شام کو دانشوروں کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران شاہ سے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات اور انتخابی حکمت عملی طے کرنے کی توقع ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کو امید ہے کہ شاہ کا دورہ 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اس کی مہم کو تیز کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس ماہ کے شروع میں تلنگانہ کے محبوب نگر اور نظام آباد میں ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کی تھی اور دو ریلیوں سے خطاب کیا تھا۔ مودی نے قومی ہلدی بورڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا نظام آباد کے کسان طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاست میں سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا تھا۔ آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ میں سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ بی جے پی کے کئی سینئر لیڈروں کے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی مہم میں حصہ لینے کا امکان ہے۔