قومی خبر

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، قومی مفاد سب سے پہلے آتا ہے: کانگریس

کانگریس نے منگل کو کینیڈا میں علیحدگی پسند سکھ رہنما کے قتل پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان کے پس منظر میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے اور قومی مفاد کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا جانا چاہیے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پوسٹ کیا، “کانگریس کا ہمیشہ یہ ماننا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے ملک کی لڑائی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ خاص طور پر جب دہشت گردی سے ہندوستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرہ لاحق ہو۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے مفادات اور خدشات کو ہمیشہ مقدم رکھا جانا چاہئے۔ بھارت نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ان الزامات کو “مضحکہ خیز” اور “بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ کینیڈا میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹ ملوث تھے۔