پی ایم مودی کل مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کا دورہ کریں گے، کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ دونوں انتخابی ریاستوں میں 57 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش میں مودی 50,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جس میں بینا ریفائنری میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اور ریاست بھر میں 10 نئے صنعتی پروجیکٹ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ چھتیس گڑھ میں ریلوے سیکٹر کے کچھ اہم پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ پی ایم او نے کہا کہ وزیر اعظم مدھیہ پردیش میں بینا ریفائنری میں بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس، نرمداپورم میں بجلی اور قابل تجدید توانائی کے مینوفیکچرنگ زون اور رتلام میں میگا انڈسٹریل پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پی ایم او کے مطابق، وزیر اعظم اندور میں دو آئی ٹی پارکس اور ریاست بھر میں چھ نئے صنعتی پارکوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد وہ رائے گڑھ، چھتیس گڑھ کے لیے روانہ ہوں گے۔ پی ایم او کے مطابق، وزیر اعظم چھتیس گڑھ میں تقریباً 6,350 کروڑ روپے کے کئی اہم ریلوے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی چھتیس گڑھ کے نو اضلاع میں کریٹیکل کیئر بلاکس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے اور ایک لاکھ سکیل سیل کونسلنگ کارڈ تقسیم کریں گے۔ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مدھیہ پردیش میں اپنی حکومت بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔ ساتھ ہی چھتیس گڑھ میں بھی اس کی کوشش ہوگی کہ کانگریس کو اقتدار سے ہٹا کر دوبارہ اپنی حکومت بنائی جائے۔