کھانا پکانے کی گیس اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر کی تنقید

مدنی پور (مغربی بنگال)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر کھانا پکانے کی گیس اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر عام آدمی کو “لوٹنے” کا الزام لگایا۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سربراہ نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر بھی الزام لگایا کہ وہ مہنگائی جیسے مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہاں مدنی پور کالج گراؤنڈ میں ٹی ایم سی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ممتا نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ایل پی جی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کو لوٹ رہی ہے۔ نریندر مودی حکومت عام آدمی کی توجہ ہٹانے کے لیے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریاست کے مغربی حصے میں واقع ضلع کے دورے پر ہیں۔